بشریٰ اقبال ایک ادبی و سماجی شخصیت ہیں۔وہ مترجم ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صحافی، لکھاری اور معلم بھی ہیں۔پاکستان سے باہر اُردوادب کے فروغ کے لیے بشریٰ اقبال صاحبہ دن رات کوشاں ہیں۔اُردو کے فروغ کے لیے ہی انھوں نے یہ کتاب نیا اسلوب، نئی عورت تحریر کی ہےجس میں گزشتہ صدی کی معروف خواتین مصنفین کے بارے میں درج ہے۔
کتاب کا اسلوبِ بیان سادہ اوردلکش ہے۔ کتاب بنیادی طور پر چار حصوں میں تقسیم ہے جس کے پہلے حصے میں فورم اور سائیٹ سیورز کا تعارف اور نابینااور معذورقلم کار خواتین کا انٹرویو درج ہے۔ادب سے تعلق رکھنے والی مختلف عورتوں کے بارے میں پڑھ کر آپ جانیں گے کہ انھوں نے اپنی زندگی میں کس قدر مشکلات کا سامنا کیا مگر انھوں نے ہار نہیں مانی اور محنت اور لگن کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھا۔دوسرے حصے میں محترمہ کشور ناہید کے انٹرویوکے ساتھ ساتھ مسلم ثانیثیت اور نسائی ادب اور تنقید شامل ہے۔ تیسرے حصے میں اُردو ادب کی معروف خواتین مصنفین کے تحریرکردہ شاہکار افسانے شامل ہیں جن سے نئی لکھنے والی خواتین کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ان افسانوں میں معاشرے میں نظر آنے والی بے بسی اور مشکلات میں زندگی کی گاڑی کو گھسیٹتے کردار نظر آئیں گے۔چوتھے حصہ نئی خواتین مصنفین کے لکھے گئے خوبصورت افسانوں پر مبنی ہے۔یہ افسانے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ آج بھی ایسی خواتین موجود ہیں جوکہ اُردو ادب کی ترقی اور فروغ کے لیے دن رات محنت کرتی ہیں تب جاکر صفحہ قرطاس پر ایک شاہکار ابھرتا ہے جسے دنیا برسوں تک یاد رکھتی ہے۔
یہ کتاب 1919ء سے 2019ء تک خواتین افسانہ نگاروں کے اس شعور کا جائزہ لیتی ہےجو بحیثیت انسان اس کو جھنجھوڑتا ہے۔یہ کتاب نئی ادیب، شاعرہ اور محقق خواتین کو متعارف کرواتی ہےان کی لگن اور قربانیوں کو اُجاگر کرتی ہے جو انھوں نے اس مقصد کے لیے دی ہیں۔
عصمت چغتائی،خدیجہ مسرور، ہاجرہ مسرور،خالدہ حسین ،بانو قدسیہ اور واجدہ تبسم جیسی بلند پایہ افسانہ نگار خواتین نےاپنے قلمی سفر میں انتہائی مشکلات کا سامنا کیااس کے باوجود انھوں نے ہر معاشرتی ناہمواری پرصدائے احتجاج بلند کیا۔
اس کتاب میں ماضی اور حال کی افسانہ نگار خواتین کے ایک صدی پر محیط افسانوں کو یکجا کر کے پیش کیا گیا ہےجس کا مقصد آج اور کل کی خواتین کے شعوروآگہی کے فرق اور معیارکو جاننااور نئی پرانی سوچ کے زاویوں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہے۔
اگر آپ بھی اس شاہکار کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں تو ابھی اپنی ای بک آرڈر کریں۔