داستان ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو اپنے ادیبوں کی بہتری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتا ہے۔ اُن کے لکھےکی تشہیر اور مصنفین کا تعارف کروانا اِس سلسلے کی ایک کڑی ہے، اور آج ہمارے ساتھ موجود ہیں، ایک باکمال شاعرہ زرش اقبال! زرش کی اب تک تین کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں،جو کہ تینوں ہی شعری مجموعے ہیں۔ زرش کے سوچنے، سمجھنے اور لکھنے کا انداز جداگانہ ہے، وہ ایسے تمام احساسات کی ترجمانی کرتی نظر آتی ہیں جو آپ کو اپنے دِل کے قریب محسوس ہوں گے۔ وہ چھوٹے چھوٹے خیالات جن کو سادہ لفظوں میں بیاں کرنا آسان نہیں، زرش نے اُنہیں اپنی شاعری کی زباں میں خوبصورتی سے بیاں کیا ہے۔
!توآئیے ملتے ہیں زرش اقبال سے
السلام علیکم ، زرش! کیا حال ہے آپ کا؟
زرش: وعلیکم السلام ، اللہ کا شکر ہے۔
سوال: ہمارے پڑھنے والوں کو اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی کے متعلق کچھ بتائیں گی؟
جواب: پیشہ وارانہ طور پر ایک نجی ادارے میں انگلش لیکچرار ہوں ۔۔۔ ادب سے تعلق بچپن سے تھا ایسا نہیں کہوں گی پر اپنی بات کو مخصوص الفاظ میں کہنے کی عادت نے ادب سے محبت اور تعلق کب بنا دیا پتہ نہیں چلا اور اس ادب کے ساتھ سفر کرتے کرتے اس وقت ایم فل ( انگلش لٹریچر) ہولڈر ہوں۔
سوال: آپ کا بچپن کیسا گزرا؟
جواب : بچپن گزرا نہیں میرے ساتھ ہی ہے جب تک میں ہوں کیوں کہ بات چاہے غلطی کرکے کچھ سیکھنے کی ہو تو وہ ابھی بھی جاری ہے یا چاہے بیٹھے بیٹھے ہنس دینے کے اور چھوٹی سی بات پہ خوش ہو جانے کی ۔۔۔ بچپن ابھی جی رہی ہوں اور زندگی کے تمام ہونے تک اسکو جینا چاہتی ہوں ہاں اگر پچھلے گزرے دنوں کی بات کروں تو وہ دن جب سے مجھے اللہ پاک کی ذات نے اس دنیا میں بھیجا ۔ہوش سنبھالنے کے دنوں کو شمار کرلیتے ہیں ،میں خود کو پڑھتی تھی کہ میں کیا ہوں کیوں ہوں ، کیا ہو سکتی ہوں اور کیا کرسکتی ہوں اور یقین جانے ابھی تک ایسی ہوں ۔۔۔ اب تھوڑا سا نارمل انسان کے طور پہ بچپن کو بتاؤں تو باغبانی ، مصوری ، کہانیاں پڑھنا ، خطاطی کرنا ، گیمز کھیلنا ، چھوٹی چھوٹی خوشیاں اور تہوار منانا تحفے دینا اپنے ہاتھوں سے اپنے پیاروں کے لیے تحریری تصویری کارڈز بنانا ۔ایسا تھا میرا بچپن اور یہ سب ابھی بھی کرتی ہوں زندگی کے چوبیس سال گزارنے پہ آئی ہوں پر ابھی بھی بچی ہوں اور رہنا چاہتی ہوں ۔
سوال:لکھنے کا شوق کب اور کیسے پیدا ہوا ؟ اپنی پہلی نظم یاد ہے؟
جواب :لکھنے کا شوق گریجویشن میں ہوا ،جب میرے والد صاحب کو تحفوں میں ملی کتابیں پڑھتی تھی ۔پھر ایک دن والد صاحب کے دل کی بات کو پڑھ لیا وہ کہہ رہے تھے( خبریں سنتے ہوئے) دیکھو زرش اس بچی نے اتنی کم عمر میں کتاب لکھی ماشاءاللہ وہ بات سنی اور بس شوق تھا یا جنون وہ سب لکھ ڈالا جوکبھی خود سے بھی نہیں کہا پہلی نظم یاد نہ ہو ممکن تو نہیں ہے ۔۔۔
یہ زرش کے نام کو جو پہرا ہے؎
بس میں ہی میں کو تو سہرا ہے
سوال: پسندیدہ شعرا اور کتب کون سی ہیں؟
جواب:پسندیدہ کتابیں مخصوص نہیں کروں گی مجھے سب کی کہی ان کہی سننا پڑھنا پسند ہے ۔ میں لکھنے والے کا نام دیکھ کے نہیں پڑھتی ۔ کتاب پڑھ کے پھر لکھنے والے کے نام کو تلاش کرتی ہوں ۔ اشفاق احمد ، بانو قدسیہ واصف علی واصف ، منیر نیازی ، غالب ، جون ایلیا اور ماشاءاللہ سب جن کو پڑھ کے میں اُن کا حق ادا کر سکوں ۔
پسندیدہ اشعار بہت ہیں
مگر جب منیر نیازی صاحب کہتے ہیں
کسی کو یاد رکھنا ہو کسی کو بھول جانا ہو ؎
ہمیشہ دیر کر دیتا ہوں میں ۔۔۔
سوال: کبھی کہی ان کہی کی تلاش اور کبھی سکو ن کی ۔۔۔کس حد تک کامیاب ہوئیں اپنی تلاش میں ؟
جواب :کبھی کہی ان کہی کی تلاش کبھی سکون ۔۔۔۔ اپنی تلاش میں کامیاب اس تک ہوئی ہوں کہ جب وہ کہتا ہے کن تو پھر ہر طرف ہوتا ہے سکون اُس سے لگا وہ تیرے سے لگا چکا ہے تو اسکا ہو جا وہ تو تیرا ہی ہے ہمیشہ سے۔
سوال:سرورق پر بنی تصویر آپ کی ذاتی کاوش ہے، کیا چیز زیادہ سکون دیتی ہے، شاعری یا مصوری؟
جواب : دونوں کتابوں کا سرورق اپنی ذاتی کاوش ہے ۔۔۔ مصوری آنکھوں کا سکون اور شاعری دل کا ۔۔۔ سکون تو دونوں کا حق ہے ادا کر رہی ہوں یہ حق ۔
سوال: نئے لکھنے اور پڑھنے والوں کے لیے کوئی مشورہ یا نصیحت کرنا چاہیں گی؟
جواب : مشورہ دوست ہونے کے ناطے اور نصیحت اپنی زندگی کے تجربے سے وہ یہ کہ کامیابی نہیں سکون کی تلاش کرو ایسا سکون جو رات کو سونے میں مدد کرے ۔اپنے جذبوں کو ضرورت نہیں احساس بناؤ کہ تا عمر محسوس کر سکو ۔
سوال:ادارے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
جواب: ادارے نے میرے خواب کو حقیقت بنا دیا،مجھے یہ محسوس کروایا کہ ہنرمند ہونے کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔۔۔ شیخ سعدی فرماتے ہیں پختگی عمر سے نہیں تجربے سے آتی ہے اور میری پختہ سوچوں کو اس ادارے نے کھلے دل سے تسلیم کیا اور آگے بڑھنے کا حوصلہ الگ عطا کیا۔
زرش اقبال ایک بہترین شاعرہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین مصورہ بھی ہیں، اِن کی یہ منفرد صلاحیت، اِن کو دیگر شعرا میں ممتاز کرتی ہے۔ آپ کا بے حد شکریہ زرش کہ آپ نے ہمارے لیے وقت نکالا اور اپنے پڑھنے والوں کو اپنے بارے میں جاننے کا موقع دیا۔
زرش اقبال کی شاعری کی کتابیں قصہ پر موجود ہیں، خوبصورت شاعری پڑھنے کے لیے ابھی آرڈر کیجیے۔